پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے واقعے کے بعد محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا نے انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے، جسے آج ہی واقعے کی مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

محکمے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق خیبر پختونخوا پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے جاوید اقبال کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ڈپٹی سیکرٹری ای اینڈ ایس ای محمد فاروق کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے جاں بحق ہونے والوں بچوں کی تعداد 35 ہو گئی ، 40 سے زائد زخمی

 

کمیٹی الخیر ایجوکیشن سسٹم نامی نجی اسکول کے کلاس روم کی چھت گرنے کی وجوہات، ممکنہ غفلت اور عمارت میں ساختی نقائص کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تجاویز اور سفارشات بھی مرتب کرے گی۔

 

واضح رہے کہ آج صبح دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے 35 بچے جاں بحق اور 40 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جبکہ پولیس نے اسکول کے مالک کو گرفتار کر لیا ہے۔