پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے 35 بچے جاں بحق اور 40 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، جبکہ پولیس نے اسکول کے مالک کو گرفتار کر لیا ہے۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق اسپتال میں 33 لاشیں لائی گئیں، جبکہ نصیر اللہ بابر میموریل اسپتال میں 2 لاشیں منتقل کی گئیں۔
ترجمان ایل آر ایچ کے مطابق تین شدید زخمی بچوں کو سر پر چوٹیں آنے کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ زخمیوں اور جاں بحق افراد میں 12 بچیاں اور ایک خاتون ٹیچر بھی شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں، جبکہ زیر علاج بچوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
سی سی پی او پشاور میاں سعید نے بتایا کہ واقعے میں زخمیوں کی تعداد 40 سے زیادہ ہے اور نجی اسکول کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے 4 طلبہ جاں بحق، 20 طلبہ اور اساتذہ زخمی
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور کی دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے بچوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور واقعے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے بھی واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمی بچوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
