پشاور میں بی آر ٹی کے ذو کارڈز کی نادرا کے ذریعے بایومیٹرک تصدیق اور رجسٹریشن لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
ٹرانس پشاور کے مطابق رجسٹریشن کا عمل آج سے شروع ہو گیا ہے، جس کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔ یکم جنوری 2027 سے غیر رجسٹرڈ کارڈز بلاک کر دیے جائیں گے اور انہیں سفر کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔
ٹرانس پشاور کے مطابق مسافر تمام بی آر ٹی اسٹیشنز کے ٹکٹ کاؤنٹرز پر اسٹیشن کے اوقاتِ کار کے دوران اپنے کارڈز کی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔
رجسٹریشن کے لیے ذو کارڈ کے ساتھ اصل قومی شناختی کارڈ لانا لازمی ہے، جبکہ 18 سال سے کم عمر بچوں کے کارڈز ب فارم یا والدین یا سرپرست کے شناختی کارڈ کے ذریعے رجسٹر کیے جا سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: ٹول ٹیکس کے باوجود موٹروے پر اشیا کی قیمتیں عام بازار سے مختلف کیوں؟
ذو کارڈ کی رجسٹریشن فیس 10 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ غیر ملکی مسافر ذو ایپ یا سنگل جرنی ٹکٹ کے ذریعے بی آر ٹی سروس استعمال کر سکتے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹرانس پشاور ڈاکٹر سید مرتضیٰ اصغر بخاری نے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ آخری تاریخ سے پہلے اپنے کارڈز کی رجسٹریشن مکمل کروا لیں تاکہ سفری سہولت میں تعطل سے بچا جا سکے اور آخری دنوں میں رش کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
