ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 40 گرفتار کارکنان کی ضمانتیں منظور کر لی گئیں۔ کارکنان کو خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے خلاف احتجاج کے تناظر میں گرفتار کیا گیا تھا۔

 

ذرائع کے مطابق گرفتار کارکنان کی جانب سے نوجوان قانون دان حشمت خان آفریدی ایڈووکیٹ اور عمر ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور ان کی قانونی معاونت کی۔ عدالت کی جانب سے ضمانتیں منظور کیے جانے کے بعد کارکنان کو رہائی کے لیے قانونی ریلیف مل گیا۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور میں تعلیمی سرگرمیاں بحال، کن اضلاع میں تعلیمی ادارے بند ہیں؟

 

دوسری جانب پی ٹی آئی سے وابستہ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے خلاف احتجاج کے دوران گرفتار کارکنان کی ضمانتوں کی منظوری ملک بھر میں اپنی نوعیت کی پہلی پیش رفت ہے۔ اس پیش رفت کو حشمت خان آفریدی ایڈووکیٹ کی قانونی کوششوں کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

 

یہ تفصیلات رکن صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی کے پرسنل سیکرٹری سید نواب کی جانب سے فراہم کی گئی ہیں۔