ضلع خیبر میں خارش (اسکیبیز) سے متاثرہ افراد کے علاج اور بیماری سے بچاؤ کے لیے آج سے 18 اکتوبر تک مختلف علاقوں میں مفت طبی کیمپ لگائے جائیں گے۔
ضلعی محکمہ صحت خیبر اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (مرجڈ ایریاز) کے اشتراک سے منعقد ہونے والے ان کیمپوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
شیڈول کے مطابق آج اور کل یعنی 13 اور 14 اکتوبر کو جمرود، 15 اور 16 اکتوبر کو لنڈی کوتل جبکہ 17 اور 18 اکتوبر کو باڑہ کے علاقے ڈوگرا میں مفت طبی کیمپ لگائے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: ٹانک شہر میں ٹانگے کیسے ماضی کا حصہ بن گئے؟ ایک روایتی سواری کے عروج سے زوال تک کی کہانی
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خیبر ڈاکٹر رفیق حیات کی نگرانی میں ان کیمپوں کے ذریعے خارش سے متاثرہ افراد کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ عوام کو بیماری سے بچاؤ کے طریقوں سے آگاہ کیا جائے گا۔
خارش ایک متعدی جلدی بیماری ہے جو متاثرہ شخص کے ساتھ قریبی رابطے اور بعض مشترکہ استعمال کی اشیا کے ذریعے پھیل سکتی ہے۔ اس سے بچاؤ کے لیے ذاتی صفائی کا خیال رکھنا، کپڑوں اور بستر کی چادروں کو دھونا اور انہیں اچھی طرح خشک کرنا ضروری ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق گھر کے کسی فرد میں خارش کی علامات ظاہر ہونے پر طبی معائنہ کروانا اور ڈاکٹر کے مشورے سے علاج کرنا ضروری ہے تاکہ بیماری کو مزید پھیلنے اور دوبارہ انفیکشن سے بچایا جا سکے۔
ضلعی محکمہ صحت خیبر اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں مقررہ تاریخوں کے دوران مفت طبی کیمپوں سے فائدہ اٹھائیں اور خارش کی علامات ظاہر ہونے پر بروقت طبی معائنہ کروائیں۔
