عامر اوکرزئی

 

اورکزئی کے علاقے مشتی میں گورنمنٹ ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر محمد اقبال آفریدی کے مبینہ اغوا کے خلاف اساتذہ اور طلبہ کا احتجاج جاری ہے۔

 

 مظاہرین نے مغوی ہیڈ ماسٹر کی فوری اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر انہیں رہا نہ کیا گیا تو پورے ضلع میں اسکولوں کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

 

یہ بھی پڑھیے: نوشہرہ: نظام پور سے اغوا ہونے والے تین پولیس اہلکار محرر سمیت مذاکرات کے بعد رہا

 

ذرائع کے مطابق محمد اقبال آفریدی کو جمعرات کی رات تقریباً 10 بجے نامعلوم افراد نے اغوا کیا۔ واقعے کے خلاف اساتذہ اور طلبہ نے آج صبح احتجاج شروع کیا اور گورنمنٹ ہائی اسکول مشتی بازار سے مشتی میلہ بازار تک احتجاجی ریلی نکالی۔

 

 

پولیس نے واقعے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا ہے۔ مشتی میلہ کے ایس ایچ او خواجہ حسین نے بتایا کہ مغوی ہیڈ ماسٹر کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں جبکہ مقدمے میں مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔

 

اساتذہ برادری نے ہیڈ ماسٹر کے مبینہ اغوا کی مذمت کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، محمد اقبال آفریدی کو بحفاظت بازیاب کرایا جائے اور واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔