خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں سے پولیو کا نیا کیس رپورٹ ہوا ہے، جس کے بعد سال 2026 میں ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ نیشنل ای او سی کے مطابق نئے کیس کی اطلاع بنوں سے ملی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق بنوں کی تحصیل ڈومیل میں 17 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ بنوں میں پولیو کے مزید 3 کیسز جبکہ شمالی وزیرستان میں ایک کیس رپورٹ ہو چکا ہے۔
نیشنل ای او سی کے مطابق ملک بھر کے 112 منتخب اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم 21 سے 27 ستمبر تک جاری رہی، جس کے دوران 2 کروڑ 82 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔
یہ بھی پڑھیے: ذہنی معذوری کا شکار پاکستانی شہری کو افغانستان بھیجنے کا معاملہ، پشاور ہائیکورٹ کا نوٹس
نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے، تاہم ویکسین کے ذریعے بچوں کو اس سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔ والدین ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔
نیشنل ای او سی نے والدین پر زور دیا کہ بچوں کو پولیو ویکسین کے ساتھ حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس بھی مقررہ وقت پر مکمل کروائیں۔
نیشنل ای او سی کے مطابق ملک سے پولیو کا خاتمہ مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔
