مانسہرہ کے علاقے ڈمگلہ میں کار گہری کھائی میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق اور 5 شدید زخمی ہوگئے۔
جاں بحق افراد میں سابق چیئرمین تعلیمی بورڈ ایبٹ آباد محمد پرویز کا بیٹا، بہو، پوتا اور نواسی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی صورت میں پچھلے سال کی طرح بھرپور جواب دیں گے، خواجہ آصف
پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان مانسہرہ سے بالاکوٹ سیر و تفریح کے لیے جا رہا تھا کہ بالاکوٹ کے قریب ڈمگلہ کے مقام پر تیز رفتار کار بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری۔
حادثے میں میاں بیوی اور ان کا کمسن بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کی جانے والی نواسی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائی کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو کھائی سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا۔
شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال مانسہرہ منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
