لکی مروت کے علاقے اباخیل کے محلہ شیری خیل میں باپ نے مبینہ طور پر کلہاڑی کے وار کرکے اپنی 32 سالہ بیٹی کو قتل کردیا۔ پولیس نے مقتولہ کی بہن کی مدعیت میں والد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
پولیس کے مطابق واقعہ 9 ستمبر کی رات تقریباً 2 بجے پیش آیا، جہاں میر عالم نے مبینہ طور پر اپنی بیٹی ناہید اختر کو کلہاڑی کے وار کرکے قتل کردیا۔
یہ بھی پڑھیے: کیا مولانا فضل الرحمان بھی پی ٹی آئی کے مارچ میں شامل ہوں گے؟ بیرسٹر گوہر نے بتا دیا
واقعے کی اطلاع ملنے پر مقتولہ کی بہن زینت بی بی زوجہ نعمان موقع پر پہنچی تو ناہید اختر خون میں لت پت مردہ حالت میں پڑی تھی۔
مدعیہ نے پولیس کو بتایا کہ ان کے والد میر عالم مبینہ طور پر منشیات کے عادی ہیں اور اس سے قبل بھی ان کی بہن کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے رہے تھے، تاہم قتل کی وجہ کے بارے میں انہیں علم نہیں۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے گورنمنٹ سٹی ہسپتال لکی مروت منتقل کردی گئی ہے۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ سٹی میں ایف آئی آر نمبر 436/26 کے تحت تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 302 میں درج کرلیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
