چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کا مسئلہ ہے، اس لیے چیف جسٹس سے ان کے مقدمے کی سماعت جلد مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عوام موجودہ سیاسی نظام سے تبدیلی چاہتے ہیں اور 27 ستمبر کو پی ٹی آئی کی جانب سے پرامن مارچ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مارچ میں سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے جائیں گے۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبر پختونخوا: وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل کو ہزاروں شکایات موصول، کتنی شکایات حل ہوئیں؟

 

انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی 27 ستمبر کے مارچ میں شریک ہوں گی۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق عوام جمہوری طریقے سے تبدیلی اور نئے انتخابات چاہتے ہیں جبکہ سیاسی کشیدگی اور تقسیم سے بھی تنگ آچکے ہیں۔

 

نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں جلد بازی مناسب نہیں ہوگی اور اس کے منفی نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

 

بیرسٹر گوہر نے نرسنگ کالج کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ پر پولیس تشدد نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق متعلقہ ایس ایچ او کو معطل کردیا گیا ہے اور پرامن احتجاج کرنے والوں کے خلاف تشدد نہیں ہونا چاہیے۔

 

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے صوبوں سے متعلق بیان پر بھی اعتراض کیا اور مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اپنے الفاظ واپس لیں۔