چارسدہ کے تحصیل شبقدر کے علاقے دریاب کورونہ میں سوتنوں کے درمیان مبینہ گھریلو تنازع کے نتیجے میں ایک خاتون نے اپنی سوتن کو کلہاڑی اور دیگر اوزاروں کے وار کرکے قتل کردیا، بعد ازاں خود بھی قریبی گہرے کنویں میں چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں دونوں خواتین جاں بحق ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ خواجہ وس کی حدود میں پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والی دونوں خواتین سوتنیں تھیں اور الگ الگ گھروں میں رہائش پذیر تھیں، جبکہ ان کا شوہر بیرونِ ملک مقیم ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پانچویں جماعت کے بعد بیٹیوں کی تعلیم کیوں رک جاتی ہے؟
مقتولہ 3 بچوں کی والدہ تھی، جبکہ مبینہ ملزمہ کی ایک بچی تھی۔ مقتولہ روزانہ صبح اپنی سوتن کے گھر گائے کا دودھ دوہنے کے لیے جاتی تھی۔
پولیس کے مطابق بدھ کی صبح بھی مقتولہ معمول کے مطابق سوتن کے گھر گئی اور گائے کا دودھ دوہ رہی تھی کہ اسی دوران دونوں کے درمیان مبینہ طور پر تنازع پیدا ہوگیا۔ مبینہ ملزمہ نے کلہاڑی اور دیگر اوزاروں سے سوتن پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔
واقعے کے بعد مبینہ ملزمہ سامنے واقع اپنے دوسرے گھر کی جانب گئی اور وہاں موجود تقریباً 50 سے 60 فٹ گہرے کنویں میں چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ بھی جاں بحق ہوگئی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ خواجہ وس کے ایس ایچ او عمران خان پولیس اہلکاروں کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔پولیس نے لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
