خیبرپختونخوا حکومت نے 60 سال اور اس سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو بی آر ٹی بسوں میں مفت سفری سہولت فراہم کرنے کے منصوبے کی اصولی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت احساس بزرگ کارڈ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں بتایا گیا کہ بزرگ شہری احساس بزرگ کارڈ کے ذریعے بی آر ٹی بسوں میں مفت سفر کرسکیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کے پی سی بی اور عاقب جاوید سے متعلق اہم دعوے سامنے آگئے
بریفنگ کے مطابق اس سہولت پر سالانہ تقریباً 935 ملین روپے لاگت آئے گی، جو صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔ بزرگ شہریوں کی نادرا سے تصدیق کے بعد انہیں پانچ ماہ کے عرصے میں احساس بزرگ کارڈ جاری کیے جائیں گے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کارڈ کے غلط استعمال کی صورت میں متعلقہ شہری پر 500 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ احساس بزرگ کارڈ عمران خان کے فلاحی ریاست کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔ بزرگ شہریوں کو باوقار اور آسان سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کے عوام دوست ایجنڈے کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اور دیرپا اقدامات جاری رکھے گی اور بزرگ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
