وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پنجاب کی وزیر اعلیٰ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ناجائز نظام کی پیداوار فارم 47 کی جعلی وزیر اعلیٰ نے پنجاب کے ساتھ لگنے والے پاکستان کے 3 دیگر صوبوں کو دہشتگردی کی بنیاد قرار دے دیا ہے۔

 

سہیل آفریدی نے کہا کہ اس بیان نے عالمی سطح پر دہشتگردی کے حوالے سے ریاست پاکستان کے مؤقف کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے، جبکہ اس بیان سے اس نظام کو بنانے اور چلانے والوں کی سوچ پر بھی مزید سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: آل خیبرپختونخوا انٹر ڈویژن جوجِتسو چیمپئن شپ، لنڈی کوتل کے 2 کھلاڑیوں نے میڈلز جیت لیے

 

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ کے بیان نے پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے حوالے سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور بھارت کو کلین چٹ دے دی ہے۔

 

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کی جنگ کے دوران بھی نواز شریف سمیت یہ ٹولہ غائب رہا اور جنگ کے خاتمے تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے ڈان لیکس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے بھی دہشتگردی کا الزام پاکستان پر عائد کیا گیا تھا۔

 

سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ یہ لوگ ہمیشہ قومی مفاد کے مقابلے میں ذاتی مفاد کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کے بقول پاکستان، پاکستانی عوام اور پاکستانی ادارے صرف اس وقت ان کے لیے قابل احترام رہتے ہیں جب وہ ان کے ذاتی مفادات کا تحفظ کرتے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کے خلاف تعصب پر مبنی لہجہ پاکستان مسلم لیگ ن کی ملک کو تقسیم کرنے والی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، تاہم 3 وفاقی اکائیوں کو دہشتگردی کی بنیاد قرار دینا ملک کی بنیادوں کو مزید کمزور کرنے کے مترادف ہے۔

 

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ 8 فروری 2024 کو عوام نے نہ صرف پاکستان بلکہ پنجاب اور لاہور میں بھی انہیں مسترد کردیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس شرمناک شکست کے باوجود ایسی سوچ رکھنے والے لوگوں کو اقتدار میں بٹھانے اور انگلی پکڑ کر چلانے والوں کے لیے یہ ایک اور سبق ہے کہ عوام کے ووٹ اور عوام کے فیصلے کی قدر نہ کرکے ملک مضبوط نہیں بلکہ تباہ ہوتے ہیں۔

 

یاد رہے کہ آج وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ مجھے پڑوسی ملک سے کم، پڑوسی صوبے سے زیادہ خطرہ ہے، وہاں سے دہشتگردی پنجاب میں آتی ہے۔