محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کے زیرِ اہتمام پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ انٹر ڈویژن آل خیبر پختونخوا جوجِتسو چیمپئن شپ میں لنڈی کوتل کے کھلاڑیوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈلز اپنے نام کر لیے۔
لنڈی کوتل سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی آصف خان اور مبارک خان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے نمایاں پوزیشنیں حاصل کیں۔ کھلاڑیوں نے یہ کامیابی سینسی حیات نذیر کی قیادت میں حاصل کی۔
چیمپئن شپ میں خیبر پختونخوا کے تمام ڈویژنز کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی، جبکہ لنڈی کوتل کی ٹیم نے بھی مختلف مقابلوں میں حصہ لیا۔
اس موقع پر سینسی حیات نذیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لنڈی کوتل کے مارشل آرٹس کے کھلاڑی محدود وسائل اور حکومتی و دیگر اداروں کی خاطر خواہ سرپرستی کے بغیر قومی اور بین الاقوامی سطح پر مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: سونا سستا ہوگیا، فی تولہ قیمت میں کتنی کمی ہوئی؟
انہوں نے کہا کہ حکومتی سرپرستی اور مناسب سہولیات کی عدم دستیابی نوجوان کھلاڑیوں میں مایوسی کا باعث بن رہی ہے۔ حکومت، مقامی انتظامیہ اور کمیونٹی کو چاہیے کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں، انہیں مناسب سہولیات فراہم کریں اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔
سینسی حیات نذیر کا کہنا تھا کہ مارشل آرٹس نوجوانوں کے لیے ایک مثبت، صحت مند اور نظم و ضبط پر مبنی سرگرمی ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں کی سرپرستی اور انہیں ضروری سہولیات کی فراہمی سے وہ مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام مزید روشن کر سکتے ہیں۔
لنڈی کوتل کی ٹیم کے اراکین نے چیمپئن شپ کے مجموعی انتظامات کو سراہتے ہوئے صدر تحسین اللہ، جنرل سیکرٹری نعیم جان اور ریفری پینل کے ارکان اللہ گل اور فضل آفریدی کی کاوشوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
