ضلع کرم کے وسطی علاقے تڑالی میں نامعلوم مسلح افراد نے مسجد سے ایس ایچ او محمدی خان کو اغوا کر لیا۔ اغوا کے بعد مسلح افراد ایس ایچ او کو نامعلوم مقام پر منتقل کر گئے، جبکہ پولیس نے ان کی بازیابی کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او محمدی خان وسطی کرم کے علاقے تڑالی میں نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد گئے تھے، جہاں سے مسلح افراد انہیں اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔
یہ بھی پڑھیے: بنوں میں ٹی ایم اے ملازمین کا احتجاج، مطالبات تسلیم نہ ہونے پر اسمبلی کے باہر احتجاج کا اعلان
پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ایس ایچ او کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے اغوا کیا ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق مغوی ایس ایچ او کی بازیابی اور اغوا کاروں کے خلاف کارروائی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
سماجی رہنما شبیر ساجدی نے کہا ہے کہ وسطی کرم میں عسکریت پسندی کے باعث ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال متاثر ہے۔ ان کے مطابق وسطی کرم میں شدت پسندوں کی موجودگی کے باعث مرکزی شاہراہ گزشتہ 2 سال سے بند ہے، جس کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
