سلمان خان 

 

بنوں میں ٹی ایم اے ایمپلائز یونین اور لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی کے باہر احتجاج کرنے کی دھمکی دے دی۔

 

ملازمین نے مطالبہ کیا کہ تنخواہیں اکاؤنٹ فور سے جاری کی جائیں، سروس اسٹرکچر پر فوری عملدرآمد کیا جائے، نان پی یو جی ایف امتحان بحال کیا جائے، پی یو جی ایف سے متعلق معاملات حل کیے جائیں اور ڈبلیو ایس ایس بی کے 25 ملازمین کو دوبارہ ملازمت پر بحال کیا جائے۔

 

ٹی ایم اے ایمپلائز یونین اور لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن کے زیر اہتمام ملازمین کا اپنے مطالبات کے حق میں ٹی ایم اے بنوں ہال میں احتجاجی اجلاس ہوا، جس میں صوبائی صدر لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن انور کمال مروت نے خصوصی شرکت کی۔

 

یہ بھی پڑھیے: سونا پھر مہنگا ہوگیا، 2 دن میں قیمت میں کتنا اضافہ ہوا؟

 

ملازمین نے مطالبہ کیا کہ دیگر لوکل گورنمنٹ ملازمین کی طرح ان کی تنخواہیں بھی اکاؤنٹ فور سے جاری کی جائیں تاکہ بروقت ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی نہ ہونے سے ملازمین کو مشکلات کا سامنا ہے۔

 

 

ملازمین نے سروس اسٹرکچر پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کو طویل عرصے سے التوا میں رکھنے کے باعث ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

 

انہوں نے نان پی یو جی ایف امتحان بحال کرنے اور پی یو جی ایف سے متعلق معاملات بھی فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملازمین کی ترقی اور پیشہ ورانہ امور سے متعلق امتحانات اور قواعد میں موجود رکاوٹیں دور کی جائیں تاکہ اہل ملازمین کو ان کے جائز حقوق مل سکیں۔

 

یونین رہنماؤں نے ڈبلیو ایس ایس بی کے 25 ملازمین کو دوبارہ ملازمت پر بحال کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ ملازمین ٹی ایم اے اور لوکل گورنمنٹ سے وابستہ ہیں، اس لیے انہیں دوبارہ ملازمت پر بحال کرکے ان کے روزگار کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

 

یونین رہنماؤں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے ملازمین عوام کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم انہیں تنخواہوں، سروس اسٹرکچر، ترقی اور ملازمت کے تحفظ سمیت مختلف مسائل کا سامنا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ ملازمین کے جائز مطالبات پر فوری توجہ دے۔

 

انہوں نے صوبائی حکومت کو خبردار کیا کہ اگر مطالبات پر عملی پیش رفت نہ ہوئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔ رہنماؤں نے مطالبات کی منظوری تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

 

اجلاس میں ٹی ایم اے ایمپلائز یونین کے صدر نذیر اللہ اعوان، جنرل سیکرٹری و صوبائی نائب صدر لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن حافظ کریم داد، ڈویژنل صدر لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن طارق خان، ڈویژنل چیئرمین آل پنشنر اینڈ لیبر یونین غلام دیاز خان سکندری، ولی ایاز خان سمیت سینکڑوں ملازمین شریک ہوئے۔