ملک میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد سونا نئی بلند سطح پر پہنچ گیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 900 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 69 ہزار 136 روپے کا ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیے: بلوچستان: قلات میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 12 دہشتگرد ہلاک
گزشتہ روز بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 11 ہزار 200 روپے کا اضافہ ہوا تھا، یوں 2 دن کے دوران سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 15 ہزار 100 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 3 ہزار 344 روپے بڑھ گئی، جس کے بعد 10 گرام سونا 4 لاکھ 2 ہزار 208 روپے کا ہوگیا۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا اور فی اونس سونا 39 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 466 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، ڈالر کی قدر میں تبدیلی، معاشی غیر یقینی اور جغرافیائی کشیدگی سونے کی قیمت میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں، جس سے اس کی طلب بڑھتی ہے اور قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔
