بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 12 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر ان کے ٹھکانے کی نشاندہی کی اور نگرانی کے بعد بروقت کارروائی کی، جس میں 12 دہشتگرد مارے گئے۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ٹھکانے سے ملنے والا اسلحہ، گولہ بارود اور آئی ای ڈیز بھی موقع پر ہی تباہ کردی گئیں۔ علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور پولیس کی کارروائی، نورے گینگ کے 3 انتہائی مطلوب ملزمان ہلاک

 

بیان میں کہا گیا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

 

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند نے بتایا کہ بھاگ شہر میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ ان کے مطابق پولیس کی مزاحمت کے باعث دہشتگرد پسپا ہوگئے۔

 

شاہد رند کے مطابق تقریباً 40 دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں، راکٹوں اور دستی بموں سے پولیس اسٹیشن، بینک اور اسسٹنٹ کمشنر آفس پر حملہ کیا۔ دہشتگرد پولیس اسٹیشن پر قبضہ کرنے اور اسلحہ چھیننے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

 

انہوں نے بتایا کہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار اور 3 شہری زخمی ہوئے، جبکہ دہشتگرد بینک سے کوئی رقم لوٹنے میں بھی کامیاب نہیں ہوسکے۔

 

شاہد رند کے مطابق بم ڈسپوزل یونٹ نے بینک میں دہشتگردوں کی جانب سے نصب کی گئی آئی ای ڈی بھی ناکارہ بنا دی۔