پشاور میں تھانہ پھندو پولیس نے اخون بابا قبرستان میں کارروائی کے دوران مبینہ پولیس مقابلے میں نورے گینگ کے 3 انتہائی مطلوب ملزمان کو ہلاک کردیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان گزشتہ سال جمیل چوک میں گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 6 افراد کے قتل کے مقدمے میں بھی انتہائی مطلوب تھے۔ واقعے کا مقدمہ نمبر 392، مورخہ 26 اپریل 2025 کو تعزیرات پاکستان کی دفعات 302، 324، 427، 148 اور 149 کے تحت درج کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے: ڈیرہ اسماعیل خان: گومل یونیورسٹی سے منسلک نجی کالجز کے ریکارڈ میں بے ضابطگیوں کا انکشاف
ہلاک ہونے والے ملزمان پھندو روڈ پر درج ایک اور مقدمے میں بھی اشتہاری تھے۔ مقدمہ نمبر 530، مورخہ یکم اپریل 2026 کو تعزیرات پاکستان کی دفعات 302، 324 اور 34 کے تحت درج کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اشتہاری ملزمان اخون بابا قبرستان میں کسی سنگین واردات کی منصوبہ بندی کے لیے مسلح موجود تھے۔ پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔
پولیس کے مطابق جوابی کارروائی کے دوران ہونے والی فائرنگ میں 3 اشتہاری ملزمان ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ملزمان کی شناخت گراں ولی ولد شیر علی، علی خان عرف شینا ولد دواں جان، دونوں ساکنان افغانستان، اور ذبیح اللہ ولد قدیم خان، سکنہ مہمند بیری باغ، کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ہلاک ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف اور 2 پستول بھی برآمد کیے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کا مزید ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
