سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب دہشتگردوں کی پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 15 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں نے پاک افغان سرحد کے قریب سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا میں کرینیں پکڑنے کا سیزن شروع، کہاں کہاں کیمپ قائم ہوں گے؟
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف کارروائی 36 گھنٹے جاری رہی۔ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگرد ملک میں امن و استحکام کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ افغان طالبان حکومت دہشتگرد تنظیم کو افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے سے روکنے، مؤثر سرحدی انتظام یقینی بنانے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ غیرملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
