انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ اور ٹی20 فارمیٹ کی تازہ پلیئرز رینکنگ جاری کر دی، جس کے مطابق پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم پانچ درجے تنزلی کے بعد ٹاپ 10 سے باہر ہو کر 15 ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ انگلینڈ کے ہیری بروک نے ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ دوسرے اور انگلینڈ کے جو روٹ تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے سعود شکیل نے 15 درجے ترقی کرتے ہوئے 18 ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔دیگر پاکستانی بیٹرز میں محمد رضوان سات درجے تنزلی کے بعد 33 ویں، شان مسعود 41 ویں اور سلمان آغا 43 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: سونا اچانک ہزاروں روپے سستا ہوگیا، فی تولہ نئی قیمت جانیں
ٹیسٹ باؤلنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے مچل اسٹارک بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 10 وکٹیں لینے کے بعد پہلی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ بھارت کے جسپریت بمراہ پہلی پوزیشن سے محروم ہو گئے ہیں۔
پاکستان کے محمد عباس نے 10 درجے ترقی کرتے ہوئے 16 ویں پوزیشن حاصل کی ہے، جبکہ نعمان علی ایک درجہ تنزلی کے بعد نویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ انگلینڈ کے اولی رابنسن کیریئر کی بہترین پانچویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ جوش ٹنگ 14 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ گس اٹکنسن 10 درجے تنزلی کے بعد 24 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
ٹی20 بیٹنگ رینکنگ میں پاکستان کے صاحبزادہ فرحان دوسرے نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ باؤلنگ رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلے اور پاکستان کے ابرار احمد دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
ٹی20 ٹیم رینکنگ میں بھارت پہلے، انگلینڈ دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، جنوبی افریقہ پانچویں اور پاکستان چھٹے نمبر پر موجود ہے۔
