وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک سکوٹیز فراہم کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔
پہلے مرحلے میں پشاور کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو صوبائی حکومت کی جانب سے مفت الیکٹرک سکوٹیز فراہم کی جائیں گی، جبکہ مستحق خواتین کا انتخاب کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک سکوٹیز کی فراہمی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیے: جنوبی وزیرستان میں مبینہ ڈرون حملہ، بچوں سمیت 4 افراد کے زخمی ہونے پر وزیراعلیٰ کی مذمت
وزیر اعلیٰ نے پہلے مرحلے کے تحت سکوٹیز کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات اور منصوبے کو مکمل فنڈز فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے منصوبے پر عملدرآمد کے لیے اسٹیرنگ کمیٹی، ٹیکنیکل ورکنگ گروپ اور گریونس ریڈریسل کمیٹی فوری طور پر نوٹیفائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اگلے مرحلے میں مفت الیکٹرک سکوٹیز کی فراہمی کا منصوبہ صوبے کے دیگر اضلاع تک توسیع دیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ مفت الیکٹرک سکوٹیز منصوبے سے طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو بااختیار اور خودمختار بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ سکوٹیز کی فراہمی سے خواتین کے لیے تعلیم اور روزگار تک محفوظ اور آسان رسائی یقینی ہوگی۔سہیل آفریدی نے کہا کہ ماحول دوست الیکٹرک سکوٹیز منصوبے سے فضائی آلودگی میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ خواتین کی معاشی خودمختاری کو بھی فروغ ملے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انسانوں پر سرمایہ کاری، خواتین کی ترقی، خوداعتمادی اور بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔
