پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا کے مطابق 30 اگست سے اب تک صوبے میں تیز بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں ایک مرد، ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیے: تماشا سیزن 5: پختون چہروں کی مقبولیت کا راز کیا ہے؟
تیز بارشوں کے باعث صوبے میں مجموعی طور پر 9 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 5 گھروں کو جزوی جبکہ 4 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے متعلق حادثات بونیر، مردان، مہمند اور شانگلہ میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے میں ہیں جبکہ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بلاوجہ سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جانب سے جاری الرٹس اور ایڈوائزری پر عمل کریں۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ شہری کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع، موسمی صورتحال سے آگاہی اور دیگر معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
