ہنگو کے علاقے ٹل میں بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) کی تعمیر کی جگہ پر 2 گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں جمعیت علمائے اسلام کے سابق تحصیل ناظم پیاؤ زار سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

 

ڈی پی او ہنگو طارق حبیب کے مطابق واقعہ تھانہ ٹل کی حدود میں علاقے چھپری وزیران میں پیش آیا، جہاں فائرنگ کے دوران ایک فریق کے 2 افراد جبکہ دوسرے فریق کا ایک شخص جاں بحق ہوا۔ دوسرے فریق سے ایک شخص زخمی بھی ہوا، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

 

یہ بھی پڑھیے: مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ممتاز عرف ممتازے کی لاش کے لیے والدہ کی ہائیکورٹ سے رجوع، پولیس پر جعلی مقابلے کا الزام

 

ڈی پی او کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان چھپری وزیران میں بی ایچ یو اسپتال منصوبے کی جگہ پر تنازع چلا آ رہا تھا۔ دونوں گروپ چاہتے تھے کہ بنیادی مرکز صحت کی تعمیر ان کے علاقے میں ہو۔

 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردیں۔