خیبرپختونخوا کے دینی مدارس میں لائبریریوں کے قیام کے منصوبے کے تحت صوبے کے 210 رجسٹرڈ مدارس کو نصابی کتب اور لائبریری فرنیچر فراہم کرنے کا عمل مکمل کر لیا گیا۔

 

اس سلسلے میں محکمہ اوقاف کی عمارت میں مدارس کے لیے تعلیمی مواد کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔

 

حکام کے مطابق صوبے کے 140 بندوبستی اضلاع اور 70 ضم شدہ اضلاع کے مدارس کو تعلیمی مواد فراہم کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت 210 مدارس کے لیے مجموعی طور پر 11 ہزار 760 نصابی کتب تقسیم کی گئی ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا کے سرکاری سکولوں میں 36 ہزار سے زائد کلاس رومز کس حال میں ہیں؟

 

ہر مدرسے کو مختلف تعلیمی درجات کے لیے کتابوں کے 7، 7 سیٹ فراہم کیے گئے ہیں، جن میں درجہ اولیٰ، ثانیہ، ثالثہ، رابعہ، خامسہ، سادسہ، موقوف علیہ اور دورہ حدیث کی کتب شامل ہیں۔

 

مدارس میں مطالعے اور تحقیق کے لیے مجموعی طور پر 2 ہزار 940 فرنیچر آئٹمز بھی فراہم کیے جا رہے ہیں، جن میں 420 بک شیلف، 420 لائبریری ٹیبلز اور 2 ہزار 100 کرسیاں شامل ہیں۔ ہر مدرسے کو 2 بک شیلف، 2 لائبریری ٹیبلز اور 10 کرسیاں دی جا رہی ہیں۔

 

صوبائی وزیر اوقاف محمد عدنان قادری نے کہا کہ منصوبے کا مقصد مدارس کے طلبہ کو نصابی کتب تک بہتر رسائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں مطالعے اور تحقیق کے لیے جدید تعلیمی ماحول دینا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ مدارس میں لائبریریوں کے قیام سے طلبہ کی علمی اور تحقیقی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملے گی۔

 

تقریب میں صوبائی وزیر اوقاف محمد عدنان قادری، سیکرٹری اوقاف عطاءالرحمان اور متحدہ علماء بورڈ کے سربراہ مولانا احسان الحق سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔