کرک کے علاقے بہادر خیل میں غول ڈیم کے قریب پولیس موبائل کو آئی ای ڈی دھماکے سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پولیس ڈرائیور واجد شہید جبکہ 6 اہلکار زخمی ہوگئے۔

 

پولیس کے مطابق تھانہ بانڈہ داؤد شاہ کی پولیس نفری سرکاری گاڑی میں درگاہ شہیدان کی جانب سرچ آپریشن کے لیے جا رہی تھی کہ غول ڈیم کے قریب سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی کے ذریعے پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا۔

 

یہ بھی پڑھیے: امام الحق کی انجری کا معاملہ، پی سی بی نے تحقیقات کا فیصلہ کرلیا

 

ڈی پی او کرک عمران خان کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں پولیس موبائل مکمل طور پر الٹ گئی، جبکہ ڈرائیور واجد شہید اور 6 اہلکار نور شاہ علی، سید شاہ، عمران، یاسین، شمیم اور ریاض زخمی ہوگئے۔

 

ڈی پی او عمران خان کے مطابق دھماکے کے بعد وہ مزید نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور زخمی اہلکاروں کو جائے وقوعہ سے منتقل کیا گیا، جبکہ متاثرہ پولیس موبائل کو بھی وہاں سے ہٹا دیا گیا۔

 

پولیس اور سی ٹی ڈی کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔