خیبر پختونخوا حکومت نے ڈی آئی خان، بنوں اور لکی مروت میں شرمپ (جھینگا) فارمنگ، یعنی تالاب یا مخصوص آبی فارم میں جھینگوں کی پرورش اور افزائش، کا پائلٹ منصوبہ شروع کرنے پر غور شروع کردیا۔

 

محکمہ فشریز نے محدود پیمانے پر جھینگا فارمنگ کا کاروباری ماڈل پیش کردیا ہے، جس کے تحت پہلے مرحلے میں ایک ایکڑ رقبے پر جھینگا فارمنگ کا ماڈل آزمانے کی تجویز دی گئی ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور پولیس کو مطلوب ممتاز عرف ممتازے کو کب پاکستان لایا جائے گا؟ اہم معلومات سامنے آگئیں

 

رپورٹ کے مطابق جنوبی اضلاع میں سالین واٹر ایکوا کلچر، یعنی نمکین پانی میں آبی زراعت، کے لیے ممکنہ علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ ڈی آئی خان، بنوں اور لکی مروت میں اس کے امکانات موجود ہیں۔

 

پائلٹ منصوبے کے تحت ایک ایکڑ سے تقریباً 1.2 ٹن جھینگے کی  پیداوار متوقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق چھوٹے پیمانے کے جھینگا فارم کے قیام کے لیے 4 لاکھ 92 ہزار روپے ابتدائی سرمایہ کاری درکار ہوگی، جبکہ سالانہ آپریٹنگ لاگت تقریباً 5 لاکھ 99 ہزار روپے متوقع ہے۔

 

جھینگا فارمنگ سے دوسرے سال سے سالانہ تقریباً 3 لاکھ روپے خالص منافع حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

محکمہ فشریز کے مطابق پائلٹ منصوبے کے کامیاب نتائج کی صورت میں جھینگا فارمنگ کو بڑے پیمانے پر وسعت دینے کی گنجائش ہوگی۔