49 سنگین مقدمات میں پشاور پولیس کو مطلوب انتہائی مطلوب اشتہاری مجرم ممتاز عرف ممتازے کو انٹرپول کی کارروائی کے بعد بحرین سے پاکستان منتقل کیا جا رہا ہے۔
پشاور پولیس کے مطابق ڈی ایس پی اعجاز نبی اور ڈی ایس پی اشفاق نے آج بحرین میں انٹرپول اور متعلقہ حکام سے ممتاز عرف ممتازے کی تحویل حاصل کر لی، جس کے بعد ملزم پولیس افسران کی نگرانی میں پاکستان روانہ ہوگیا ہے۔ ممتاز عرف ممتازے کو اسلام آباد ایئرپورٹ کے ذریعے پاکستان منتقل کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا میں بارشوں اور اچانک سیلاب کا خدشہ، پی ڈی ایم اے نے مختلف اضلاع کو الرٹ کردیا
ممتاز عرف ممتازے کی جانب سے موصول ہونے والے وائس میسج اور ویڈیو میں بھی بحرین سے پاکستان واپسی کی تصدیق کی گئی ہے۔
پشاور پولیس کے مطابق ممتاز عرف ممتازے قتل، اقدامِ قتل، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ، قبضہ مافیا، لوگوں کی جائیدادوں پر غیر قانونی قبضوں، راہزنی، اغوا، پولیس پر حملوں، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے سمیت متعدد سنگین جرائم میں مطلوب ایک منظم جرائم پیشہ نیٹ ورک کا سرغنہ ہے۔
یاد رہے کہ کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے اس سے قبل اہم کارروائی کرتے ہوئے 49 سنگین مقدمات میں مطلوب ممتاز عرف ممتازے کو انٹرپول کے ذریعے بحرین سے گرفتار کیا تھا۔
واضح رہے کہ پشاور ہائی کورٹ پہلے ہی سی سی پی او پشاور کو ہدایت کر چکی ہے کہ ملزم کو بحفاظت عدالت میں پیش کیا جائے، دورانِ تفتیش اس کی حفاظت یقینی بنائی جائے اور بعد ازاں اسے بحفاظت جیل منتقل کیا جائے۔
ممتاز عرف ممتازے کی بحرین سے واپسی کو پشاور پولیس کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ملزم کی والدہ نے امید ظاہر کی ہے کہ پشاور ہائی کورٹ کی ہدایات کے مطابق ممتاز عرف ممتازے کے آئینی اور بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
