پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی خیبرپختونخوا نے بالائی اضلاع میں گلاف کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق آج رات سے 4 ستمبر تک گرم موسمی حالات کے دوران وقفے وقفے سے بارشوں کے باعث گلیشیئرز کے پگھلاؤ میں تیزی آنے کا امکان ہے، جس سے گلیشیئر جھیلوں کے حجم اور پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے سے اچانک سیلاب اور تیز پانی کے بہاؤ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: باجوڑ کا نرسنگ کالج 19 سال بعد بھی کیوں فعال نہ ہو سکا؟

 

پی ڈی ایم اے نے چترال اپر، چترال لوئر، اپر دیر، سوات، اپر و لوئر کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو حساس گلاف مقامات کی مسلسل نگرانی اور بروقت اطلاع یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

 

متعلقہ انتظامیہ کو خطرے سے دوچار علاقوں میں انخلا کے لیے پیشگی تیاری یقینی بنانے اور محفوظ مقامات کو تیار رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ نشیبی علاقوں کے مکینوں کو گلاف کے ممکنہ خطرے سے بروقت آگاہ کرنے کا کہا گیا ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے عوام کو دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیئر جھیلوں اور تنگ پہاڑی وادیوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 

سیاحوں اور مسافروں کو خطرے سے دوچار علاقوں میں غیر ضروری سفر، کیمپنگ اور ٹریکنگ سے گریز کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز بہتے پانی میں گاڑیوں کے بہہ جانے کا خطرہ ہوتا ہے، اس لیے شہری احتیاط کریں۔

 

پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ ندی نالوں کے پانی کے رنگ میں اچانک تبدیلی یا غیر معمولی آوازوں کی صورت میں فوری توجہ دی جائے۔خطرے سے دوچار علاقوں میں مویشیوں اور ضروری سامان کو بلند اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

 

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 24 گھنٹے فعال ایمرجنسی آپریشن سینٹر صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔