محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا میں 29 اگست سے 5 ستمبر تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے پیش نظر  پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے شدید بارشوں کے باعث بالائی اضلاع کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں 31 اگست سے 5 ستمبر تک شہری سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا حکومت کا طالبات اور خواتین کے لیے ای وی بائیکس کا اعلان

 

موسمی پیشگوئی کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ اور کوہستان میں بارش کا امکان ہے، جبکہ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر اور مہمند میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

 

 یکم سے 4 ستمبر تک کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک اور وزیرستان کے اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔

تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

 پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو موسم کی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، جبکہ شدید بارش کے دوران ٹریکنگ، ہائیکنگ اور کیمپنگ سے اجتناب کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

 

 عوام کو ندی نالوں اور برساتی پانی سے دور رہنے، پانی میں ڈوبی سڑکوں کو عبور نہ کرنے اور گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔