خیبرپختونخوا کے سرکاری و نجی اسپتالوں اور دیگر صحت مراکز میں فائر سیفٹی اور ایمرجنسی تیاری کا جائزہ لینے کے لیے ضلعی سطح پر کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق کمیٹیاں اسپتالوں میں فائر سیفٹی نظام، فائر فائٹنگ آلات، ایمرجنسی راستوں اور ایگزٹ کا معائنہ کریں گی جبکہ بجلی، ہاؤس کیپنگ اور کمیونیکیشن نظام کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: وائرل پوسٹ پر یقین سے پہلے رکیں؛ ماہرین نے جعلی خبروں کی تصدیق کا طریقہ بتا دیا
فائر سیفٹی آڈٹ کے دوران خامیوں کی نشاندہی کرکے ان کی اصلاح کے لیے اقدامات تجویز کیے جائیں گے۔
محکمہ صحت کے مطابق ضلعی سطح کی فائر ایمرجنسی سیفٹی کمیٹی میں 14 ارکان شامل ہوں گے، جبکہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔
کمیٹی میں محکمہ صحت، پولیس، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے افسران کے علاوہ متعلقہ اسپتال کے ڈائریکٹر یا میڈیکل ڈائریکٹر بھی شامل ہوں گے۔
محکمہ صحت کے مطابق فائر سیفٹی کمیٹیاں نوٹیفکیشن کے اجرا کے 7 روز کے اندر اپنی رپورٹ متعلقہ ڈویژنل کمشنر اور محکمہ صحت کو ارسال کریں گی۔
