پشاور کے علاقے رام پورہ گیٹ میں بیوی کے قتل کا واقعہ پیش آیا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے شوہر سمیت سسرالی گھر کے 4 افراد کو چند گھنٹوں میں گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ شہید گلفت حسین کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے والد نجم اقبال کی مدعیت میں شوہر اور دیگر اہل خانہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر: لنڈی کوتل میں لڑکی مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل
ایس پی سٹی ڈویژن شاہد عدنان کے نوٹس پر ڈی ایس پی ہشتنگری سرکل وارث خان کی نگرانی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے ایس ایچ او تھانہ شہید گلفت حسین سلیم خان خلیل کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے شوہر زوہیب، بھائی زبیر، بہن اور والدہ کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار شوہر نے ابتدائی تفتیش میں بیوی کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے، جبکہ واقعے کو غیرت کے نام پر قتل قرار دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے ابتدائی بیان میں مقتولہ کو پارٹی گرل قرار دیتے ہوئے غیرت کے نام پر قتل کرنے کا اعتراف کیا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے مبینہ آلہ قتل پستول اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کرلی ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران قتل کے اصل محرکات اور واقعے میں ہر ملزم کے کردار کا تعین کیا جائے گا۔
