ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنر شاہد علی نے وادی تیراہ میدان کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں، تعمیراتی کاموں اور تعلیمی اداروں کا جائزہ لیا جبکہ پیندی چینہ میں مقامی مشران اور عمائدین سے ملاقات کرکے علاقے کے مسائل بھی سنے۔
ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی منصوبوں کا موقع پر جائزہ لیتے ہوئے تعمیراتی کام کے معیار اور رفتار کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو منصوبے مقررہ معیار کے مطابق بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور: ڈکیتی کے دوران قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم 39 سال بعد گرفتار
انہوں نے وادی تیراہ میدان کے مختلف سکولوں کا بھی دورہ کیا اور بنیادی سہولیات و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام کو تعلیمی اداروں سے متعلق ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
پیندی چینہ میں مقامی مشران اور عمائدین نے ڈپٹی کمشنر کو علاقے کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا، جن میں سے متعدد مسائل کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر شاہد علی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور افتادہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے گی۔
انہوں نے پیندی چینہ میں مقامی آبادی کی سہولت کے لیے ضلعی انتظامیہ کا دفتر جلد قائم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے، جس سے مقامی لوگوں کو انتظامی امور کے سلسلے میں سہولت ملنے کی توقع ہے۔
