وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے نادرا ای سہولت مراکز کے ذریعے شہریوں کو زمین کی ملکیت کا ریکارڈ فراہم کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے، جبکہ نئی سہولت کا افتتاح آئندہ ہفتے کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ کی زیرصدارت محکمہ مال میں اصلاحات سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں بریفنگ دی گئی کہ محکمہ مال کے سروس ڈیلیوری سنٹرز کے ساتھ اب نادرا ای سہولت مراکز سے بھی زمین کی ملکیت کا ریکارڈ جاری کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور میں نقاب پوش افراد کا سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد کے پی آر او کے گھر پر حملہ
بریفنگ کے مطابق زمین کی ملکیت کے ریکارڈ کے اجرا کی سرکاری فیس اور دیگر سروس چارجز کیش لیس طریقے سے ادا کیے جائیں گے۔ نئی سہولت سے شہریوں کا وقت اور وسائل بچیں گے اور انہیں سرکاری دفاتر کے غیر ضروری چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔
وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ زمین کی ملکیت کے ریکارڈ کے اجرا کا نیا نظام شہریوں کے لیے آسانی، شفافیت اور سہولت کا باعث بنے گا۔
اجلاس میں لینڈ ایکوزیشن بل 2026 کے مسودے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے زمین کے حصول کے عمل میں غیر ضروری تاخیر روکنے کے لیے نئے بل میں خصوصی شقیں شامل کرنے اور اسے جلد حتمی شکل دے کر منظوری کے لیے متعلقہ فورمز پر پیش کرنے کی ہدایت کی۔
محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ لینڈ ایکوزیشن بل 2026 قائد عمران خان کے وژن کے مطابق ہے اور اس میں عوامی مفاد کو مقدم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے عملی حل، شفاف نظام اور بہتر گورننس کے لیے اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
