مردان میں پولیس اہلکار نے اپنے بھائی کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن آفس میں پولیس کی حراست میں موجود ملزم مشال کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ پولیس نے واقعے میں ملوث اہلکار عمران کو گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مشال 302 کے مقدمے میں نامزد تھا اور تفتیش کے سلسلے میں ایس پی انویسٹی گیشن آفس میں زیرِحراست تھا۔ اسی دوران مردان ٹریفک پولیس میں تعینات اہلکار عمران ولد اکرم خان، سکنہ چمتار، نے پستول سے مشال پر فائرنگ کردی، جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیے: ضم اضلاع پولیس کا احتجاج شدت اختیار کر گیا، وردی چھوڑنے سمیت 3 بڑے اعلانات
واقعے کے بعد موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے عمران کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا، جبکہ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق مشال پولیس اہلکار عمران کے بھائی کے قتل کے مقدمے میں نامزد تھا اور عمران نے اسی قتل کا بدلہ لینے کے لیے اسے فائرنگ کرکے قتل کیا۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او مردان مسعود احمد بنگش نے غفلت برتنے پر 3 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا۔ واقعے کی مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
