وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حج کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے، اب عازمین حج گھر  بیٹھے درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔

 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 عازمین کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ درخواستوں کی وصولی 17 اگست سے شروع ہوگی۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا کی تقسیم کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہ رہے ہیں، ایمل ولی خان

 

انہوں نے کہا کہ درخواستیں پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی اور کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی۔

 

وفاقی وزیر کے مطابق حج اخراجات کی پہلی قسط 17 اگست سے وصول کی جائے گی، جبکہ دوسری قسط اکتوبر میں جمع کرائی جائے گی۔ عازمین حج اخراجات کریڈٹ کارڈ، پی ایس آئی ڈی کے ذریعے یا چالان فارم پرنٹ کرکے نقد رقم کی صورت میں جمع کرا سکیں گے۔

 

انہوں نے بتایا کہ تقریباً 4 لاکھ رجسٹرڈ عازمین گھر بیٹھے حج درخواستیں جمع کرا سکیں گے، جس کا مقصد عازمین کو انتظار اور طویل قطاروں سے بچانا ہے۔

 

سردار محمد یوسف نے کہا کہ نجی حج اسکیم کے عازمین بھی پاک حج ایپ کے ذریعے پرائیویٹ آپریٹر کا انتخاب کرسکیں گے۔ انہوں نے عازمین کو ہدایت کی کہ نجی حج آپریٹر کو براہ راست رقم جمع نہ کرائیں۔