ملک میں سونے کی قیمت میں مسلسل چوتھے روز بھی اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 56 ہزار 536 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔

 

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 200 روپے کا اضافہ ہوا۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور میں مستحق افراد کے لیے نئی احساس پناہ گاہ قائم

 

گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں 5 ہزار 100 روپے کا اضافہ ہوا تھا، جبکہ گزشتہ 4 دنوں کے دوران فی تولہ سونا مجموعی طور پر 28 ہزار 600 روپے مہنگا ہوچکا ہے۔

 

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 1 ہزار 887 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 91 ہزار 406 روپے کا ہوگیا۔

 

سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹ میں قیمتیں نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ رہی ہیں۔

 

عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال، مختلف خطوں میں کشیدگی، مرکزی بینکوں کی مالیاتی پالیسیوں اور امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی سونے کی قیمتوں پر اثر انداز ہوتی ہے۔