ہنگو میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ کارروائی میں کیپٹن حمزہ اکرم خوارج کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اگست کو خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ہنگو میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیے: جنوبی وزیرستان اور دیر میں سکیورٹی فورسز کی دو الگ کارروائیوں میں 10 دہشتگرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں 7 خوارج ہلاک ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک خوارج متعدد شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن حمزہ اکرم اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے خوارج کا تعاقب کر رہے تھے، جہاں مقابلے کے دوران وہ شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔ سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں قوم کے تحفظ اور سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
