ہنگو کے علاقے خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی کوہاٹ میں درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ انسدادِ دہشت گردی ایکٹ سمیت 16 مختلف دفعات کے تحت ایس ایچ او سی ٹی ڈی کوہاٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

 

ایف آئی آر کے مطابق دہشت گردوں نے خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ پر بھاری اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ حملے کے آغاز میں گورنمنٹ سکول خزینہ میں قائم پولیس پوسٹ کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

 

یہ بھی پڑھیے: ہنگو: جوابی آپریشن میں 15 دہشت گرد ہلاک، ڈی ایس پی سمیت 9 پولیس اہلکار شہید

 

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ حملے کی اطلاع ملنے پر پولیس نفری ڈی ایس پی کی قیادت میں روانہ ہوئی، تاہم راستے میں دہشت گردوں نے ڈرون اور بھاری ہتھیاروں سے پولیس پر حملہ کیا، جس سے سرکاری گاڑیوں اور بکتر بند گاڑی (اے پی سی) کو نقصان پہنچا۔

 

ایف آئی آر کے مطابق دہشت گرد حملے کے دوران پولیس کا اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

 

واقعے کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن کیا گیا، جبکہ مزید تفتیش سی ٹی ڈی کوہاٹ نے شروع کر دی ہے۔

 

پولیس حکام کے مطابق حملے میں مجموعی طور پر 11 پولیس اہلکار شہید جبکہ 28 اہلکار زخمی ہوئے۔