خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے میں 15 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں فتنہ الخوارج کے 12 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہدا میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک اہلکار شامل ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: پی ٹی آئی کے 5 اگست کے جلسے میں کیا ہونے والا ہے؟ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اہم تفصیلات بتا دیں

 

آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کیا، تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنایا اور فرار ہونے والے فتنہ الخوارج کے 12 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

 

بیان کے مطابق حملہ آوروں نے بعد ازاں بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے دھماکے سے چیک پوسٹ کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔

 

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی موجودگی ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

 

بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ مزید کہا گیا کہ شہدا کی قربانیاں ملک کے دفاع اور قومی سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔