ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں شدید بارش کے باعث ایک مکان کے کمرے کی چھت گرنے سے دو کمسن بچے جاں بحق جبکہ ان کے والد معمولی زخمی ہوگئے۔

 

مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ تحصیل باڑہ کے علاقے اکاخیل، میری خیل للمہ میں پیش آیا۔ قبیلہ ذخہ خیل سے تعلق رکھنے والے اجر ابیب کے مکان کے کمرے کی چھت بارش کے دوران گر گئی، جس کے نتیجے میں ان کے دو کمسن بیٹے اسامہ اور زید خان ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کے والد معمولی زخمی ہوئے۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا کی شجرکاری مہم موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں کتنی مؤثر ثابت ہو سکتی ہے؟

 

واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق، خیبرپختونخوا میں 19 جولائی سے جاری بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں 22 افراد جاں بحق اور 23 افراد زخمی ہوئے، جبکہ 37 گھروں کو جزوی یا مکمل نقصان پہنچا۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 9 مرد، 3 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 5 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔