بنوں پولیس، محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر سب ڈویژن وزیر کے پہاڑی علاقے تلگئی میں مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک کر دیے، جبکہ 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران 2 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے، جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ڈی پی او بنوں کیپٹن (ر) محمد فرقان بلال کی سربراہی میں کیے گئے اس آپریشن میں سی ٹی ڈی، ڈسٹرکٹ پولیس، آر آر ایف اسکواڈ اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔
یہ بھی پڑھیے: بنوں آپریشن پر خیبرپختونخوا حکومت کا مؤقف، نقل مکانی اور موبائل سروسز پر کیا کہا گیا؟
پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر شدید فائرنگ کی، جس کے جواب میں مؤثر کارروائی کی گئی۔ تقریباً 7 گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
کارروائی کے بعد 2 دہشت گردوں کی لاشیں موقع سے برآمد ہوئیں، جبکہ فرار ہونے والے دہشت گرد اپنے 2 ساتھیوں کی لاشیں ساتھ لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 2 کلاشنکوف، ایک رائفل اور دیگر اسلحہ و سامان بھی برآمد کیا گیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او تھانہ بسیہ خیل راشد خان اور کانسٹیبل واجد خان معمولی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق دونوں اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
