وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ طارق سعید مروت نے کہا ہے کہ بنوں میں جاری سکیورٹی کارروائیاں صرف میریان اور بکاخیل کے مخصوص علاقوں تک محدود ہیں، اس لیے وسیع پیمانے پر نقل مکانی کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ نقل مکانی سے متعلق افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، شہری صرف ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ مصدقہ معلومات پر اعتماد کریں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں صوبے کے مختلف اضلاع میں جاری ہیں اور حکومت عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی۔
یہ بھی پڑھیے: ہراسمنٹ سے مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں تک، ایچ ایم سی کی نرس کے حیران کن الزامات
ان کے مطابق امن و امان کی بحالی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں۔
طارق سعید مروت نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دو روز میں موبائل نیٹ ورک اور دیگر مواصلاتی سروسز بحال ہو جائیں گی، جس سے شہریوں کو درپیش مشکلات میں مزید کمی آئے گی۔
معاونِ خصوصی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آپریشن سے متاثرہ خاندانوں کو خوراک، رہائش، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں راشن کی تقسیم جاری ہے جبکہ شہریوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے میڈیکل کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں، جہاں ڈاکٹرز اور طبی عملہ خدمات انجام دے رہا ہے۔
انہوں نے امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت ہر مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور متاثرہ خاندانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ حکومت ہر متاثرہ شہری کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
طارق سعید مروت نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے وژن کے مطابق موجودہ سال ترقی، استحکام اور امن کا سال ہوگا۔ چند دہشت گرد عناصر نے بنوں کے پرامن ماحول کو متاثر کرنے کی کوشش کی، تاہم حکومت اور سکیورٹی ادارے ان کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ بنوں میں مکمل امن کی بحالی، معمولاتِ زندگی کی جلد بحالی اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن معاونت کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
انہوں نے یہ بات ضلع بنوں کے دورے کے موقع پر کہی، جہاں انہیں جاری سکیورٹی آپریشن، امن و امان کی مجموعی صورتحال اور متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر کمشنر بنوں ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود اور ڈی آئی جی بنوں ریجن رب نواز خان نے آپریشن کی پیش رفت، سکیورٹی انتظامات، شہریوں کے تحفظ، متاثرہ خاندانوں کو درپیش مشکلات اور جاری امدادی اقدامات سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں ڈپٹی کمشنر بنوں محمد فہیم، سیکرٹری ٹو کمشنر ثاقب خان سمیت دیگر سول اور سکیورٹی حکام بھی موجود تھے۔
