صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق خیبرپختونخوا میں 19 جولائی سے جاری تیز بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں 22 افراد جاں بحق اور 23 افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ 37 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 9 مرد، 3 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 5 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث 29 گھروں کو جزوی جبکہ 8 گھر مکمل طور پر منہدم ہوئے۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا میں پیٹرول پمپوں کی بندش، مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان

 

یہ واقعات پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، لوئر چترال، لوئر و اپر دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، ٹانک، تورغر، کرم، شمالی و جنوبی وزیرستان میں پیش آئے۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے، متاثرین کو فوری مالی و امدادی معاونت اور ضروری سامان کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

اتھارٹی کے مطابق اس وقت صوبے کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اور بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم آج تک وقفے وقفے سے مزید بارشوں کا امکان ہے۔ اس حوالے سے تمام ضلعی انتظامیہ کو پہلے ہی الرٹ جاری کیا جا چکا ہے۔

 

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں، سیلابی گزرگاہوں اور حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کردہ الرٹس اور ہدایات پر عمل کریں۔