خیبرپختونخوا میں پیٹرولیم ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کے حق میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کر دی، جس کے باعث صوبے کے مختلف علاقوں میں متعدد پیٹرول پمپ مکمل یا جزوی طور پر بند ہو گئے ہیں اور شہریوں کو پیٹرول کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
پیٹرولیم ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے جنرل سیکریٹری بہزاد الرحمن نے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج اور پیٹرول پمپوں کی بندش جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیے: بنوں آپریشن پر خیبرپختونخوا حکومت کا مؤقف، نقل مکانی اور موبائل سروسز پر کیا کہا گیا؟
انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کا موجودہ فارمولا ختم کیا جائے، جبکہ پیٹرول پمپ مالکان کا مارجن بھی فوری طور پر بڑھایا جائے۔
بہزاد الرحمن کے مطابق گزشتہ آٹھ برس سے پیٹرول پمپ مالکان کا مارجن نہیں بڑھایا گیا، جس کے باعث کاروبار چلانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے حکومت سے فوری مذاکرات کر کے پیٹرول پمپ مالکان کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
پیٹرول پمپوں کی بندش کے باعث مختلف شہروں میں شہریوں کو پیٹرول کے حصول میں دشواری کا سامنا ہے۔
