صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 19 جولائی سے خیبرپختونخوا میں جاری تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق جبکہ 19 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں 6 مرد، 6 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 4 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بارشوں، گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے اور سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے باعث 28 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 22 گھروں کو جزوی جبکہ 6 گھر مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیے: خنجراب کے ذریعے چینی سیاحوں کی آمد آسان بنانے کی تجویز، کیا بدلنے والا ہے؟
ادارے کے مطابق یہ حادثات پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، چترال لوئر، دیر اپر، دیر لوئر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر، کرم اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے، متاثرین کو فوری امدادی سامان فراہم کرنے اور ہر ممکن معاونت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادارے کے مطابق صوبے کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اور بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم 23 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو پہلے ہی الرٹ جاری کیا جا چکا ہے۔
ڈی جی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور سرکاری الرٹس و ایڈوائزریز پر عمل کریں۔
