آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فی تولہ سونا 4 ہزار 700 روپے مہنگا ہونے کے بعد 4 لاکھ 29 ہزار 236 روپے کا ہوگیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت بھی 4 ہزار 29 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 68 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔
چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ فی تولہ چاندی 219 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 396 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا کے اہم آبی منصوبوں پر وزیراعلیٰ کے بڑے فیصلے، کن منصوبوں سے متعلق اہم ہدایات جاری ہوئیں؟
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت 47 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 68 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، امریکی ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ، مرکزی بینکوں کی جانب سے سونے کی مسلسل خریداری اور مختلف خطوں میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی سونے کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔
