خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں حادثات پیش آئے ہیں۔ مردان کی تحصیل رستم میں کمرے کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں سیلابی ریلوں میں 2 گاڑیاں بہہ گئیں، تاہم دونوں واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

 

ریسکیو 1122 کے مطابق رستم کے علاقے کالو ڈھیری میں بارش کے دوران کمرے کی چھت گرنے سے 2 سالہ محمد حسین اور ایک سالہ زنیرہ جاں بحق ہوگئے، جبکہ محمد طاہر کی اہلیہ اور 14 سالہ بیٹی شدید زخمی ہوئیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مردان میڈیکل کمپلیکس (ایم ایم سی) منتقل کردیا۔

 

ادھر ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں موسلا دھار بارش کے بعد آنے والے سیلابی ریلوں نے دو مختلف مقامات پر گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق زکریا مسجد کے قریب ایک کار تیز بہاؤ میں بہہ گئی، تاہم گاڑی میں سوار افراد بروقت باہر نکل آئے۔

 

یہ بھی پڑھیے: نوشہرہ: موبائل فون پر بات کرنے کے شبے میں شوہر نے حاملہ بیوی کو قتل کر دیا

 

اسی طرح پاک افغان شاہراہ پر سلطان خیل مارکیٹ کے قریب افغانستان جانے والے افغان خاندانوں کو لے جانے والی ایک گاڑی بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی، تاہم مقامی افراد نے فوری امدادی کارروائی کرتے ہوئے تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا۔

 

 

دریں اثنا وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ صوبے میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور بعض اضلاع سے فلیش فلڈ کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، تاہم وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ہدایت پر مون سون کنٹیجنسی پلان مکمل طور پر نافذ ہے۔

 

شفیع جان کے مطابق صوبے کے تمام 37 اضلاع میں ہنگامی پلان، کنٹرول رومز اور ریسکیو نظام فعال ہیں، جبکہ ریسکیو 1122 کے اہلکار فیلڈ میں تعینات ہیں۔ واٹر ریسکیو پوائنٹس، ریلیف کیمپ، بھاری مشینری اور امدادی سامان بھی پہلے سے تیار رکھا گیا ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شدید بارشوں کے دوران ندی نالوں، دریاؤں اور سیلابی گزرگاہوں سے دور رہیں، حکومتی احتیاطی ہدایات پر عمل کریں اور سیاحتی علاقوں میں پولیس و انتظامیہ سے تعاون کریں۔