سوات کے بالائی علاقے کالام کے مٹلتان میں فلک سر ٹریک پر گلیشیئر پھٹنے سے 7 افراد متاثر ہوئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 3 افراد زخمی ہوئے ہیں، ان میں ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ ایک لاپتہ شخص کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

 

ریسکیو 1122 کے مطابق واقعہ ہفتے کی شام تقریباً 7 بجے پیش آیا۔ زخمیوں کو ریسکیو کی میڈیکل ٹیم نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کالام میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے سنٹرل ہسپتال سیدو شریف منتقل کر دیا۔

 

یہ بھی پڑھیے: بنوں میں غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائیاں، اب تک کیا پیش رفت ہوئی؟

 

زخمیوں میں 40 سالہ حاور حسین، 22 سالہ حارث اور 27 سالہ ہارون شامل ہیں، جن کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ افراد میں شامل دیگر 3 افراد محفوظ ہیں، جبکہ خوازہ خیلہ کے رہائشی سید علی شاہ کی تلاش ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں کی جانب سے جاری ہے۔

 

ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ واقعہ انتہائی دور دراز اور دشوار گزار علاقے میں پیش آنے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم سرچ آپریشن جاری ہے اور مزید معلومات موصول ہونے پر آگاہ کیا جائے گا۔