ضلعی انتظامیہ بنوں نے بتایا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم 201 افغان شہریوں کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد طورخم بارڈر کے ذریعے ضابطہ کار کے مطابق افغانستان واپس بھیج دیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بنوں عمر خطاب گروکی کے مطابق پولیس کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے تحت غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران اب تک مجموعی طور پر 201 افراد کو واپس ان کے وطن روانہ کیا جا چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: نوشہرہ: چھپ کر شادی کرنے پر خاتون قتل، لاش کے ٹکڑے دریا میں پھینکنے کا انکشاف
انہوں نے بتایا کہ تمام افراد کی شناخت اور کوائف کی مکمل تصدیق کے بعد قانونی تقاضے پورے کیے گئے، جس کے بعد انہیں ضابطہ کار کے مطابق طورخم بارڈر کے ذریعے افغانستان روانہ کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے مطابق یہ کارروائیاں وفاقی و صوبائی حکومتی پالیسی کے تحت پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے جاری ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو کارروائیوں سے متعلق اعداد و شمار پولیس کی جانب سے فراہم کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف حکومتی پالیسی کے مطابق کارروائیاں آئندہ بھی بلاامتیاز جاری رہیں گی۔
